سانحہ مری، پنجاب حکومت نے 5رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی
04:08 PM, 9 Jan, 2022
مری ( پبلک نیوز) ایدیشنل چیف سیکریٹری پنجاب ظفر نصر اللہ کمیٹی کے کنونئیر مقرر۔ دو صوبائی سیکریٹریز علی سرفراز اور اسد گیلانی کمیٹی کے رکن مقرر۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب پولیس فاروق مظہر بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ کمیٹی کسی ایک فرد کو اپنی مرضی سے رکن مقرر کرسکے گی۔ کمیٹی برف باری میں پھنسے شہریوں کی اموات کی وجوہات اور حکومتی نااہلی کی نشاندہی کرے گی۔ کمیٹی سانحہ مری کی سات روز میں رپورٹ مکمل کرکے حکومت کو پیش کرے گی۔ کمیٹی تعین کرے گی کہ کیا محکمہ موسمیات نے موسم کی سنگینی کا الرٹ جاری کیا تھا۔ کمیٹی تعین کرے گی کہ موسم کی پیش کے بعد انتظامیہ، این ایچ اے، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے نے مشترکہ ایکشن پلان ترتیب دیا۔ برفباری کی اطلاع کے تحت کمیٹی تعین کرے گی کہ کیا ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی؟ کیا جتنی گاڑیاں مری میں داخل ہوئی، اتنی گنجائش تھی؟ گاڑیوں کو روکا گیا؟ کیا مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تعداد کو ملحوظ خاطر رکھا گیا؟ کمیٹی معلوم کرے گی کہ کیا کسی ممکنہ بحرانی کیفیت سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کی گئی؟ کیا برف ہٹانے والی مشنری متعلقہ مقامات تک پہنچائی گئی؟ کیا گاڑیوں کی تناسب سے ٹریفک پولیس کی نفری تعینات کی گئی؟ کیا اسپتالوں، ریسکیو 1122 سے کوآرڈینیشن یا کنٹرول روم قائم کیا گیا؟ کیا مقامی ہوٹلوں اور ریسٹ ہاوسز سے ایمرجنسی میں کمرے تیار رکھنے کے لئے رابطہ کیا گیا؟ کمیٹی تعین کرے گی کہ ریسکیو آپریشن کتنا موثر تھا؟ کمیٹی دیکھے گی لوگوں کو گاڑیوں سے نکال کر رہائش گاہوں تک کیوں نہ پہنچایا گیا؟ پنجاب حکومت نے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔