ایلون مسک نے ٹویٹر ڈیل سے دستبرداری اختیار کر لی

06:58 AM, 9 Jul, 2022

احمد علی
سوشل میڈیا کمپنی ٹویٹر کے چیئرمین نے کہا ہے کہ وہ ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کا کمپنی کے ساتھ 44 بلین ڈالر کا معاہدہ مکمل کروانے کے لئے عدالت جائیں گے۔ ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹویٹر خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہو جائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ اس معاہدے سے متعلق شرائط کو کئی بار توڑا گیا جس کی وجہ سے وہ دستبردار ہو رہے ہیں۔ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک اور ٹویٹر کے درمیان اپریل سے کمپنی کو خریدنے کی بحث جاری ہے جس میں وقتاً فوقتاً نئے موڑ آتے رہتے ہیں۔ تازہ ترین پیشرفت میں، ایلون مسک نے الزام لگایا ہے کہ کمپنی نے انہیں جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں خاطر خواہ معلومات نہیں دیں۔ ٹویٹر اور مسک کے درمیان معاہدے میں ان نئی رکاوٹوں کی خبروں کی وجہ سے کمپنی کے اسٹاک کی قیمت 7 فیصد گر گئی۔ ٹویٹر اور مسک کے درمیان خریداری کے معاہدے میں بریک اپ فیس ایک بلین ڈالر مقرر کی گئی تھی، جس کا مطلب ہے کہ معاہدہ ٹوٹنے کی صورت میں اس رقم کی ادائیگی کا معاہدہ تھا۔ ایلون مسک کے اعلان کے بعد اب ٹویٹر نے کہا ہے کہ وہ اس ڈیل کے حوالے سے قانونی کارروائی کرے گا۔ ٹویٹر کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے ایک ٹویٹ میں لکھا، " ٹویٹر بورڈ مسٹر ایلون مسک کے ساتھ طے شدہ قیمت اور شرط پر لین دین کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے پیغام سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ اب دونوں فریقوں کے درمیان ایک طویل عدالتی عمل شروع ہو سکتا ہے۔ ایلون مسک نے اپریل میں ٹویٹر خریدنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ لیکن اگلے مہینے مئی میں، انہوں نے کہا کہ معاہدہ "عارضی طور پر ہولڈ" ہے کیونکہ وہ جعلی اور سپیم اکاؤنٹس کی تعداد کے بارے میں ٹویٹر کے اعدادوشمار کا انتظار کر رہے ہیں۔ مسک نے ٹویٹر سے اس بات کا ثبوت مانگا تھا کہ ان کے کل اکاؤنٹس میں جعلی یا سپیم اکاؤنٹس کی تعداد 5 فیصد سے کم ہے۔ اب ان کے وکیل نے امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹویٹر یا تو معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے یا وہ معلومات نہیں دے رہا ہے۔ سپام اکاؤنٹس ایسے اکاؤنٹس ہیں جو معلومات پھیلانے یا لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو گمراہ کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ ٹویٹر نے جمعرات کو ایک پیغام میں کہا تھا کہ وہ ہر روز ٹویٹر سے تقریباً 10 لاکھ جعلی اکاؤنٹس کو ہٹا رہا ہے۔ ایلون مسک کا خیال ہے کہ 20 فیصد یا اس سے زیادہ ٹویٹر اکاؤنٹس جعلی ہیں۔
مزیدخبریں