محکمہ موسمیات کی شہر قائد سمیت ملک بھرمیں مزید بارشوں کی پیشگوئی

10:16 AM, 9 Jul, 2023

احمد علی
کراچی : محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، رات گئے سپرہائی وے، نارتھ ناظم آباد، نمائش، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی میں برسات سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج تھرپارکر، مٹھی، پڈعیدن،حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص،عمرکوٹ اور سانگھڑ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برس سکتے ہیں ، مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز بارش سے کوہلو، سبی کشمیر، ڈیرہ غازی خان، اور بارکھان کے پہاڑی علاقوں میں بھی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں نے ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ، سب سے زیادہ پنجاب میں 48 اور کے پی میں 20 اموات رپورٹ ہوئیں۔ این ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں سے 133 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 38 خواتین ، 49 مرد اور 48 بچے شامل ہیں، ملک بھر میں 78 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، ملک کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
مزیدخبریں