وزیراعظم کی سوشل میڈیا پرآرمی چیف پرقاتلانہ حملےکی مہم کی شدید مذمت
01:17 PM, 9 Jul, 2023
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملےکی سوشل میڈیا پر مہم پر شدید مذمت کی گئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف ایک بیان میں نے کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کیلئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، 9 مئی کے سہولت کار، منصوبہ ساز اور ہینڈلرز کو دو ٹوک پیغام ہے کہ ان کی ہر سازش کچل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف مذموم شر انگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اور عناصر سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہدا کےخلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی مہم ایک ہی منصوبےکی کڑی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت بھی کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ میڈیا مہم سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے، قوم اس گھناؤنی سازش کو 9 مئی کی خانہ جنگی کی سازش کی طرح ناکام بنائےگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مایوس عناصرکو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔