پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی برقرار رہے گا،یورپی یونین سفیر
06:52 PM, 9 Jul, 2023
اسلام آباد: پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر مس رینا کیونکا نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمدات کیلئے یورپی منڈیوں میں ترجیجی رسائی برقرار رہے گی،پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی برقرار رہے گا۔ پاکستان میں یورپی یونین سفیر مس رینا کیونکا نے ویڈیوبیان میں کہا ہے کہ مجوزہ توسیع کا مطلب ہے پاکستان کے لیے فی الحال کوئی تبدیلی نہیں، یہ ریگولیشنز صرف پاکستان پر نہیں بلکہ تمام بینیفشنری ممالک پر اپلائی ہونگی، جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع جی ایس پی پلس والے دیگر سات ملکوں کیلئے بھی ہوگی۔ رینا کیونکا نے کہا کہ پاکستان کا جی ایس پی سٹیٹس برآمدات کے لئے اہم ہے، پاکستان کا جی ایس پی دسمبر میں ری نیو ہونا ہے، یورپی یونین کی مانیٹرنگ ٹیم پاکستان آنے والی ہے، یہ سہولت پاکستان پر انسانی حقوق، لیبر قوانین اور نظام حکمرانی کی ذمہ داریاں عائد کرتی ہے، اس سہولت سے پاکستانی برآمدات کو ٹیکس میں چھوٹ ملتی ہے۔ یورپی یونین سفیر کا کہنا تھا کہ اظہار رائے، میڈیا کی آزادی، مذہبی، اقلیتوں کی آزادی اور مزدوروں کے حقوق پر یورپی یونین چاہے گی کہ پاکستان مزید کام کرے۔