لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا
05:30 PM, 9 Jun, 2021
ابوظبی ( پبلک نیوز) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پندرہویں میچ میں لاہور قلندرز نے جیمز فالکنر کی عمدہ باؤلنگ اور کپتان سہیل اختر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغان آلراؤنڈر راشد خان نے میچ کے آخری اوور میں 5 گیندوں پر 15 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو فتح دلادی۔ انہیں 15 ناٹ آؤٹ رنز اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ لاہور قلندرز نے 144 رنز کا ہدف 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان اور اوپنر سہیل اختر 30 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے۔ تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ 29 اور بین ڈنک 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کو جیت کے لیے میچ کے آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے کہ افغان آلراؤنڈر راشد خان نے حسین طلعت کو اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر تین چوکے لگا کر میچ میں اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کردی، جسے ٹم ڈیوڈ نے آخری گیند پر ایک رن بناکر جیت میں بدل دیا۔ راشد خان 5 گیندوں پر 15 اور ٹم ڈیوڈ 15 گیندوں پر 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے 2 جبکہ شاداب خان ، فواد احمداور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر143بنا ئے۔فہیم اشرف24 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 27 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔عثمان خواجہ 18 جبکہ حسن علی 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر جیمز فالکنز نے 32 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف اور احمد دانیال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ راشد خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ایونٹ میں کل دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی جبکہ دوسر ے میچ میں پشاور زلمی اورلاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔