حکومت نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی پر قانون سازی کا فیصلہ کر لیا

05:26 PM, 9 Jun, 2023

احمد علی
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق ملک میں ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کو قید اور جرمانے کی سزا دینے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے مطابق غیر ملکی کرنسی ذخیرہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، بیرون ملک سے کرنسی لانے کی حد میں اضافہ کا بھی امکان ہے، باہر سے ملک میں ایک سال کے دوران ڈالر لانے کی حد 1 لاکھ ڈالر مقرر کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے ڈالر لانے والوں سے آمدن کا ذریعہ نہیں پوچھا جائے گا، اس وقت ملک میں 50 لاکھ روپے مالیت کی کرنسی لانے پر ذرائع آمدن بتانا ضروری ہے،یہ اقدام ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کے باعث طلب سے قیمتوں میں اضافہ کے سبب کیا گیا۔ چیئرمین فاریکس ایوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا ہے کہ حکومت واضح کرے ذخیرہ اندوز کس کو سمجھا جائے، ذرائع ہونے کے بعد ڈالر رکھنے کی اجازت ہونی چاہیے، حکومت یقینی بنائے کے جو لوگ بینک سے ڈالر نکال کر لائیں وہ اس قانون سے متاثر نہ ہوں گے، ملک میں دیگر کرنسیوں کے اکاؤنٹ نہ ہونے کے باعث بینک میں رقم رکھنا ممکن نہیں ہے۔
مزیدخبریں