ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 134 رنز سے ہرا دیا

09:22 AM, 9 Jun, 2024

ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 134 رنز سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز برینڈن کنگ اور جونسن چارلس نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور میچ کے 5 ویں اوور میں میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 41 رنز پر گر گئی، برینڈن کنگ صرف 13 رنز ہی بنا سکے، جانسن چارلس 44، آندے رسل 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، رومن پاول نے 23، نکولس پورن اور شرفین رتھرفورڈ نے 22، 22 سکور کیے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا پائی۔

یوگنڈا کی جانب سے برین مسابا نے 2، الپیش رامجانی، کوسمس کیوتا اور دنیش ناکرانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کے 174 رنز کے تعاقب میں یوگنڈا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، مہمان ٹیم کا صرف ایک کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہو سکا، یوں پوری ٹیم 39 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے 5، الزاری جوزف نے 2، روماریو شیفرڈ اور آندرے رسل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 ویسٹ انڈین سکواڈ

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کے فرائض رومن پاول سرانجام دے رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں برینڈن کنگ، جونسن چارلس، نکولس پورن، روسٹن چیز، شرفین رتھرفورڈ، آندرے رسل، روماریو شیفرڈ، عقیل حسین، الزاری جوزف اور گڈکیش موتی شامل ہیں۔

یوگنڈا کا سکواڈ

یوگنڈا کی ٹیم کی قیادت برین مسابا کر رہے ہیں، راجر موکاسا، سمن سیسازی، روبنسن اوبایا، ریاضت علی شاہ، الپیش رامجانی، دنیش ناکرانی، جما میاگی، کنیتھ ویسوا، کوسمس کیوتا اور فرانک نسوبوگا سکواڈ کا حصہ ہیں۔

مزیدخبریں