ٹیکسز لگیں گے یا ریلیف ملےگا؟ لیگی بجٹ معمہ بن گیا، پیپلزپارٹی کے شدید تحفظات

11:55 AM, 9 Jun, 2024

ویب ڈیسک: نئے مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسز لگیں گے یا ریلیف ملے گا؟ ن لیگ کی حکومت نے بجٹ کو معمہ بنا دیا۔ جس پر پیپلزپارٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے مجوزہ وفاقی بجٹ سے مکمل لاعلمی ظاہر کر دی۔

سینئر رہنما پیپلز پارٹی سے سوال کیا گیا کہ آنے والے بجٹ کے حوالے سے حکومت کو کیا تجاویز دی ہیں، کیا مطمئن ہیں؟ جس پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کیسی تجاویز، کیسا بجٹ، حکومت نے نہ کچھ بتایا، نہ ہی ہمیں اعتماد میں لیا گیا ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نہیں معلوم ن لیگ نجکاری پالیسی، ٹیکسز، ترقیاتی پروگرام پر کیا کچھ کر رہی ہے، نہیں معلوم عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں کس صوبے کو کیا حصہ دیا جا رہا ہے، وفاقی وزارتوں کے منصوبوں میں کیا نیا ہے کیا پرانا، ہمیں نہیں بتایا گیا۔

رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ بجٹ حکومت خود بنا رہی یا آئی ایم ایف کا بجٹ مسلط کیا جا رہا ہے، حکومت کا سارا بوجھ پیپلز پارٹی نے شیئر کر رکھا ہے، بجٹ میں عوام ہم سے پوچھے گی کہ یہ کیا کر دیا، کیا ہم عوام کو یہ بتائیں کہ ہمیں تو پتہ ہی نہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر پیپلز پارٹی کو دیکھنا ہو گا کہ بجٹ پر کیا فیصلہ لینا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ حکومت کا ساتھ دینے کے چکر میں خاموشی سے عوام کے ساتھ بجٹ میں ظلم ہوتا دیکھتے رہیں، پیپلز پارٹی کا اپنا عوامی منشور ہے، اس کے لیے وفاقی بجٹ میں ہماری تجاویز ہر صورت شامل ہونی چاہیے تھیں، افسوس! ہمیں کہنا پڑ رہا ہے کہ یہ کام ن لیگ کو کہے بغیر کرنا چاہیے تھا۔

مزیدخبریں