ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے گروپ اے کے 19 ویں میچ 'پاکستان بمقابلہ بھارت' سے قبل پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ٹیم اور ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے نام خاص پیغام جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ کی نظر پاکستان اور بھارت کے ٹاکرے پر جمی ہوئی ہے جو آج 9 جون کو نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
علی ظفر نے بھی انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ بابراعظم اور قوم کرکٹ ٹیم کو پاکستان بمقابلہ بھارت کے لیے اہم مشورہ دیتے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں علی ظفر نے کہا کہ 'سونے سے پہلے ایک خیال آیا تو سوچا اس کو شیئر کروں، پاکستان اور انڈیا کا جب بھی میچ ہوتا ہے تو ایکسائٹمنٹ کچھ الگ ہوتی ہے اس لیے سوچا ایک مشورہ اپنی ٹیم اور ٹیم کے کپتان کو دیا جائے'۔
علی ظفر نے کہا کہ 'شائقین کرکٹ اپنی ٹیم کے کپتان سے یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ فرنٹ فٹ پر کھیلے'۔
انہوں نے کہا کہ 'امریکی ٹیم کے ساتھ ہونے والے میچ میں ہم نے دیکھا کہ جب آخری اوور آیا تو بابر اعظم خود بلّے بازی کے لیے نہیں آئے بلکہ کسی اور کو بھیج دیا جبکہ اگر یاد ہو تو ایک بہت پرانے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف چار رنز درکار تھے اور اس وقت ٹیم کے کپتان عمران خان خود باولنگ کے لیے میدان میں اترے تھے اور اپنی سمجھداری سے میچ کو جتوا دیا تھا اور یہی ایک اچھے کپتان کو کرنا چاہیے کہ مشکل وقت میں وہ ٹیم کو لیڈ کرے'۔
علی ظفر نے کہا کہ 'میرا بابر اعظم کو یہی مشورہ ہے کہ وہ پُر اعتمادی کے ساتھ کھیلیں اور اگر ضرورت پڑے تو خود آگے آئیں کیونکہ ہار جیت تو ہوتی رہتی ہے لیکن سامنے آکر ڈٹ کر بغیر کسی ڈر کے کھیلیں کیونکہ آپ ایک بہترین کرکٹر ہیں'۔
اسی ویڈیو میں علی ظفر نے کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق بھی بات کی کہ 'نہ صرف جسمانی بلکہ کرکٹرز کی ذہنی فٹنس بھی بہت ضروری ہے جس کے لیے دنیا بھر میں مختلف تھیراپیز ہیں لہذا ہمارے کھلاڑیوں کو وہ تھیراپیز کروانی چاہیے تاکہ وہ صحیح فیصلے لینے کی قوت رکھیں'۔
علاوہ ازیں علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ 'ہمارے کھلاڑیوں کو چاہیے کہ اگر ان کو انگریزی زبان نہیں آتی تو اپنی مادری زبان میں بغیر ڈرے بات کریں، ہمیں گورا کامپلیکس کا شکار نہیں ہونا چاہئے'۔