(ویب ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی موت کے بعد ایران نے صدارتی انتخابات کے لیے 6 امیدواروں کی منظوری دے دی ہے۔ سابق صدرمحمود احمدی نژاد، جنہیں اس سے قبل 2017 اور 2021 میں صدارتی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا، ایک بار پھر اس فہرست سے خارج کر دیا گیا۔
ایران نے اتوار کے روز 6امیدواروں کا اعلان کیا، جن میں زیادہ تر کنزرویٹیو شامل ہیں جو 28 جون کو ہونے والے انتخابات میں صدر ابراہیم رئیسی کی جگہ لے لیں گے۔رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے اعلان کردہ امیدواروں کا انتخاب اسلامی جمہوریہ میں انتخابات کی نگرانی کرنے والی گارڈین کونسل کے ذریعے 80 رجسٹرڈ امیدواروں میں سے کیا گیا ہے۔
منظور ہونے والوں میں پارلیمنٹ کے کنزرویٹیو اسپیکر محمد باقر اور الٹرا کنزرویٹیو سابق جوہری مذاکرات کار سعید جلیلی بھی شامل ہیں۔ صرف ایک ریفارمسٹ امیدوار، مسعود پیزشکیان کی ی منظوری دی گئی ہے۔
کنزرویٹیو سابق وزیر داخلہ مصطفیٰ پور محمدی کو بھی انتخاب لڑنے کی اجازت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ تہران کے میئر علیرضا ذکاانی اور موجودہ نائب صدر امیر حسین غازی زادہ ہاشمی شامل ہیں، جو شہداء فاؤنڈیشن کے سربراہ ہیں۔
تاہم سابق صدر محمود احمدی نژاد، جنہیں اس سے قبل 2017 اور 2021 میں صدارتی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا، ایک بار پھر اس فہرست سے خارج کر دیا گیا۔اس کے علاوہ سابق پارلیمانی اسپیکر علی لاریجانی اور ایران کے پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر واحد ہغانیان سمیت دیگر کو بھی الیکشن لڑنے سے روک دیا گیا ہے۔