شہباز شریف کی سراج الحق سے ساتھ دینے کی درخواست

06:30 AM, 9 Mar, 2022

Rana Shahzad
لاہور: (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے درخواست کی ہے کہ وہ حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دیں۔ تفصیل کے مطابق شہباز شریف اپنے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ منصورہ پہنچے جہاں انہوں نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات میں حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سراج الحق کیساتھ ملاقات میں اپنا موقف انھیں پیش کیا۔ میں نے اپنی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے درخواست کی ہے کہ وہ ہمارا ساتھ دیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد جمع ہو چکی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جماعت اسلامی سمیت تمام جمہوری جماعتوں کو اس اہم معاملے پر ہمارا ساتھ دینا چاہیے۔ ہم سلیکٹیڈ حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹا کر عوام کے پاس جانا چاہتے ہیں۔ سیاست میں سیاسی جماعتوں کو قائل کیا جاتا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ پارٹی شوریٰ کیساتھ مشاورت کرکے آپ کو جواب دیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت نے یہ ماحول اپنے لئے خود پیدا کیا ہے۔ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا۔ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بات کی ہے۔ تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک نظام کی تبدیلی نہ ہو، افراد کی تبدیلی کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ شفاف انتخابات کیلئے اصلاحات کی جانب جانا چاہیے۔ لوگوں کا اعتماد بحال کئے بغیر الیکشن کروانا بھی ایک مشق ہوگا ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد جمہوریت کا ایک آئینی طریقہ کار ہے جماعت اسلامی ایک جمہوری جماعت ہے جس میں مشاورت کا ایک پورا نظام ہے۔ ہم اپنی پارٹی کا اجلاس بلا کر اس معاملے پر مشاورت کرینگے
مزیدخبریں