لاہور میں جرائم کی شرح میں اضافے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

08:57 AM, 9 Mar, 2022

Rana Shahzad
لاہور: ( پبلک نیوز) لاہور میں جرائم کی شرح میں اضافے کے خلاف اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔ یہ قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان صوبے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ ربعیہ نصرت نے قرارداد میں کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور جرائم پیشہ افراد کی آمجگاہ بن گیا ہے۔ شہر لاہور اس وقت ڈاکوئوں اور چوروں کے مکمل نرغے میں ہے۔ لیکن پولیس جرائم کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ قرارداد میں پیش کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق لاہور 24 گھنٹوں میں 247 ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ شہری کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، گاڑیوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہو گئے۔ شہر میں چوری کی 138 وارداتوں میں شہریوں کو لوٹ لیا گیا۔ متن کے مطابق دس دکانوں اور تین گھروں کو ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔ شاہراہ عام پر ڈکیتی کی 18 وارداتوں میں شہریوں سے گن پوائنٹ پر لوٹ مار کی گئی۔ موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کی 55 واقعات ہوئے۔ شہر میں 7 قیمتی گاڑیاں چور لے گئے۔ تالے توڑ کر گھروں اور دکانوں پر وارداتوں کے 10 مقدمات درج ہوئے۔ لیگی رہنما کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں بتایا گیا کہ دو خواتین اور تین کم عمر بچیوں اور بچے کو جنسی درندگی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ لاہور میں جرائم کی شرح میں اضافے کو کنٹرول کرے۔
مزیدخبریں