عمران خان کے عدالتوں میں پیشی سے انکار پر لازمی ہےکہ گرفتار کرکے پیش کیا جائے ، رانا ثنااللہ
11:42 AM, 9 Mar, 2023
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کیا تو لازمی ہے اسے گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا ۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم توہین عدالت کا رسک نہیں لے رہے ہیں ، پی ٹی آئی رہنما عمران خان نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کیا تو لازمی ہے اسے گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا ، یہ عدالت میں پیش ہو، بری ہوتا ہے تو ہوجائے، سزا ملے تو سامنا کرے ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 30 اپریل کو الیکشن ہوتا ہے تو حصہ لیں گے ، آئین میں صرف 90 دن میں الیکشن کا درج نہیں ہے ، کچھ اور بھی درج ہے ، آئین میں درج ہے کہ تمام الیکشن ایک ساتھ ہونا چاہیے اور تمام صوبوں میں نگران حکومت کع ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ غیر مشروط تعاون کریں گے، اپنے وسائل الیکشن کمیشن کےسامنے رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں عدلیہ نے اپنے لوگ دینے سے انکار کر دیا ہے اور انتخابی عملے میں محکمہ تعلیم کا عملہ 85 فیصد ہوتا ہے ، وہ مردم شماری میں مصروف ہے جبکہ آرمی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی صورتحال کے پیش نظر آرمی کے پاس فورسز کی کمی ہے ۔