مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام کا عزم متزلزل نہیں کر سکتے، آرمی چیف

01:11 PM, 9 Mar, 2023

احمد علی
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں سی پیک کا جائزہ لینے کے لئے گوادر کا دورہ کیا ہے اور کہا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام و مسلح افواج کا عزم متزلزل نہیں کر سکتے ہیں ، بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج امن و خوشحالی یقینی بنانے کو پرعزم ہیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں سی پیک سیکیورٹی پر امن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی ہے ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے تمام رینکس کی کوششوں کو سراہا اور بلوچستان کے عوام کی بھلائی کیلئے پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر زور دیا ہے ، جنرل عاصم منیر نے منتخب نمائندوں ، مقامی معززین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کی ہے ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ہیں ، امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں ۔ آرمی چیف نے تعلیم، ماہی گیری ، کھیل ، سولر سسٹم کی تنصیب، پانی، صحت، اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا اعلان کیا ہے جب کہ دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو اور کور کمانڈر کوئٹہ بھی موجود تھے ۔
مزیدخبریں