پاکستان کے بیرونی اور مقامی قرضے نئی ریکارڈ سطح پر جاپہنچے

06:47 PM, 9 Mar, 2023

احمد علی
ایک سال میں روپے کی قدر میں نمایاں کمی سے پاکستانی روپے میں بیرونی قرضوں میں 38 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق جنوری 22 کے مقابلے جنوری 23 میں پاکستانی روپے میں بیرونی قرضوں میں 5704 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جنوری 2023 تک پاکستانی روپے میں بیرونی قرضے 20 ہزار 689 ارب روپے پر جاپہنچا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 22 میں پاکستانی روپے میں بیرونی قرضے 14ہزار 982 ارب روپے تھے، جنوری 22 سے جنوری 23 میں ایک سال میں ڈالر 91 روپے 20 پیسے مہنگا ہوا، جنوری 22 میں امریکی ڈالر 176.74 روپے سے بڑھ کر جنوری 23 تک 267.94 روپے پر پہنچ گیا ۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ایک سال میں روپے کی قدرمیں 51 فیصد کمی ریکارڈ کی جاچکی ہے، حکومت کے بیرونی اور مقامی قرضوں میں ایک سال میں 30 فیصد کا اضافہ ہوچکا ہے، جنوری 2022 میں حکومت کے مقامی اور بیرونی قرضے 42 ہزار 396 ارب روپے تھے،جنوری 2023 تک حکومت کے مقامی اور بیرونی قرضے 30 فیصد اضافے سے 54 ہزار 942 ارب روپے تک جا پہنچے ہیں ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کے مقامی قرضے ایک سال میں 6842 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، جنوری 22 میں حکومت کے مقامی قرضے 27 ہزار 413 ارب روپے تھے ، جنوری 2023 تک حکومت کے مقامی قرضے 25 فیصد اضافے سے 34 ہزار 255 ارب روپے تک جاپہنچے ہیں ۔
مزیدخبریں