آصف علی زرداری پاکستان کے دوسری بار صدرمنتخب

09:41 AM, 9 Mar, 2024

ویب ڈیسک:صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا،آصف علی زرداری ملک کے 14 ویں  صدر منتخب ہوگئے،ایوان جئیے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔

پریزائڈنگ افسر جسٹس عامر فاروق نے بتایا کہ ایوان میں کل  375 ووٹ کاسٹ ہوئے،حکومتی اتحاد کے آصف علی زرداری مجلس شوریٰ سے 255 ووٹ حاصل کئے ،سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی نے مجلس شوریٰ سے119 ووٹ حاصل کئے،ایک ووٹ مسترد ہوا ۔وزیراعظم شہبازشریف نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی   زرداری  کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی، اپنے بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی سینیٹ اور چاروں صوبوں کے منتخب ارکان نے آصف علی زرداری پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا،صدر آصف علی زرداری وفاق کی مضبوطی کی علامت ہوں گے۔

امید ہے بطور صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دینگے، آصف علی زرداری کا بطور صدر پاکستان انتخاب جمہوری اقدار کا تسلسل ہے،اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کریں گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدر زرداری نے ملکی استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھا، آئین پاکستان کوایک بار پھر اس  کاحقیقی محسن مل گیا۔

صدر زرداری کی نگاہِ  دوررس نے ثابت کردیا کہ وہ ایک بہترین  صلاح کار ہیں،صدر زرداری تمام  ریاستی  اکائیوں کو یکجا کر کے ملک کو خوشحالی کی جانب  گامزن  کریں گے،صدرزرداری کی واضح  برتری ،جمہوریت کی جیت ہے،

صدارتی انتخابات کے لئے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوا تھا جو 4 بجے تک جاری رہا۔ مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی (ف) نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا جبکہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں جماعت اسلامی کے ارکان نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیے۔

سندھ اسمبلی میں آصف علی زرداری نے 151 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمود خان اچکزئی کو 9 ووٹ ملے۔ کُل 161 ووٹ کاسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔ جماعت اسلامی کے ممبر نے پولنگ میں حصہ نہیں لیا۔

پنجاب اسمبلی میں آصف علی زرداری نے 246 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف محمود خان اچکزئی نے 100 ووٹ لیے۔ الیکشن کے دوران 6 ارکان کے ووٹ مسترد ہوئے۔ صوبائی اسمبلی میں کل 353 میں سے 352 ارکان نے ووٹ ڈالا جبکہ ٹی ایل پی ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں محمود اچکزئی کو 91 ارکان نے ووٹ دیے جبکہ حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری کو 17ا رکان نے ووٹ دیے۔ گنتی میں ایک ووٹ مسترد کیا گیا۔بلوچستان اسمبلی میں آصف علی زرداری کو 47 ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی کو کسی رکن نے ووٹ نہیں دیا۔

مزیدخبریں