مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کیلئےہر وقت تیار رہنا چاہیے،آرمی چیف

11:37 AM, 9 Mar, 2024

پبلک نیوز: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب فیلڈ ایکسر سائز کا دورہ کیا۔کور کمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو شمشیر سحر مشق کے بارے میں بریف کیا گیا، انہوں نے مشق کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ دن گزارا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج مادر وطن کی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

آرمی چیف نے جوانوں سے بات چیت میں تربیتی معیارات، آپریشنل تیاریوں اور تمام رینک کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقے کار میں اضافہ کرنا تھا، مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا، مشق میں الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں اور وارفیئر آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا۔

آرمی چیف نے آرمرز، میکانائزڈانفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل اور دیگر کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔

مزیدخبریں