مسجد وزیر خان میں عکس بندی ، صبا اور بلال سعید کیس سے بری
05:48 AM, 9 May, 2022
لاہور (ویب ڈیسک ) لاہور کی مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کے الزام پر دائر کیس سے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو بری کردیا گیا ہے ۔ لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد مشتاق نے صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواستیں منظور کیں اور انہیں بے قصور قرار دیا۔ خیال رہے کہ اگست 2020ء میں بلال سعید اور صبا قمر کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی کہ جس میں دونوں لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔ محکمہ اوقاف نے مسجد کے اندر گانے کی شوٹنگ کی اجازت دینے پر مسجد کے مینجر کو معطل کر دیا تھا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو بہت زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑاتھا . سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ان دونوں فنکاروں نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے ساتھ مقدس مقام کی بے حرمتی بھی کی لہٰذا ان کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔ سوشل میڈیا پر دونوں فنکاروں نے اپنے گانے 'قبول ہے' کے ٹیزر کے ساتھ یہ کیپشن شیئر کیا تھا ۔ جس میں انہوں نے لکھا کہ 'یہ وہ واحد حصہ ہے جو تاریخی وزیر خان مسجد میں فلمایا گیا تھا، یہ میوزک ویڈیو کا تعارفی حصہ ہے جس میں نکاح کا منظر پیش کیا گیا ہے، اسے نہ تو کسی طرح کے پلے بیک میوزک کے ساتھ فلمایا گیا تھا اور نہ ہی یہ میوزک ٹریک کا حصہ ہے۔ بعد میں دونوں شخصیات کی طرف سے اس معاملے پر معافی بھی مانگی گئی تھی .