ڈیرہ بگٹی: پیرکوہ میں آلودہ پانی پینے سے ڈائریا کی وبا پھوٹ پڑی
07:46 AM, 9 May, 2022
ڈیرہ بگٹی کے سب تحصیل پیرکوہ میں آلودہ پانی پینےکی وجہ سے ڈائریا کی وبا پھوٹ پڑی۔ تین روز کے دوران خاتون سمیت دو افراد جاں بحق، 1500 سے زائد افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج، جن میں زیادہ تے تعداد بچوں کی ہے تفصیل کے مطابق ڈیرہ بگٹی کی سب تحصیل پیرکوہ میں آلودہ پانی پینے کی وجہ سے ڈائریا کی وبا شدت اختیار کر گئی ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ڈائریا میں مبتلا مریضوں کی تعداد پندرہ سو سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ڈائریا میں مبتلا مریض ڈیرہ بگٹی کے مختلف سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے زیادہ تر تعداد بچوں کی ہے۔ ڈائریا کی وبا آلودہ پانی پینے کی وجہ سے پھیلی ہے۔ محمکہ صحت کی ٹیمیں دن رات متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ پیرکوہ میں صاف پینے کے پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ 60 ہزار سے زائد آبادی والے علاقے پیر کوہ کے عوام کو ڈیرہ بگٹی سے ٹینکرز کے ذریعے پانی پہنچایا جا رہا ہے جو کہ اتنی بڑی آبادی کے لئے بلکل ناکافی ہے جس کی وجہ سے لوگ پتھر نالہ سے آنے والے گندے اور آلودہ پانی کو پینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ پتھر نالہ سے آنے والی لائن عرصہ دراز سے مرمت نہ ہونے کی وجہ سے مکمل طور پر خستہ حال ہو چکی ہے۔ علاقہ مکینوں نے صوبائی حکومت اور منتخب عوامی نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کے بحران اور ڈائریا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے پیر کوہ کو آفت زدہ علاقہ قرار دے کر ہنگامی بنیادوں پر ڈائریا کے روک تھام کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ پیر کوہ واٹر پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو پینے کے لئے صاف پانی مل سکے۔