وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو خبردار کردیا
11:50 AM, 9 May, 2022
لاہور: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خاں نے صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ کوخبردار کردیا ۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خاں کا کہنا ہے کہ چند گھنٹوں کے گورنر موصوف شرافت سے گھر چلے جائیں، اپنی عزت مزید خراب نہ کریں توبہتر ہوگا،صدر اور گورنر پنجاب ایسا کوئی کام نہ کریں کہ تاریخ اور عوام آپ پر تھو تھو کرتی رہے ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس کے پابند ہیں، اس سے ہٹنا آئین شکنی ہوگی ، صدر مملکت اور گورنر پنجاب آئین اور سپریم کورٹ کے حکم پر چلیں، کسی بھی خلاف ورزی سے باز رہیں ۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے صدر کے پاس کوئی ’اِن۔ہیرنٹ‘ یا ’ریذیڈیول‘ پاورز نہیں ،پارلیمانی جمہوریت میں صدر کا منصب علامتی ہوتا ہے، اُن کے پاس ’ویٹو‘ کا اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر پی ٹی آئی سیکریٹریٹ نہیں، عمران خان کے غلام نہ بنیں، آئین پر چلیں، عمرچیمہ جاتے جاتے کوئی نیا گند گھولنے سے باز رہیں اور شرافت سے گھر چلے جائیں ، آئین سے ہٹنے والوں کو آئین، عدالت اور عوام کی سزا کے لئے تیار رہنا ہوگا۔