عمران خان گرفتاری: ڈی جی نیب، پراسیکیورٹر جنرل نیب آدھے گھنٹے میں عدالت طلب
05:32 PM, 9 May, 2023
اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب اور پراسیکیورٹر جنرل نیب کو آدھے گھنٹے میں طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی اٹارنی جنرل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ عمران خان کو ہائی کورٹ سے گرفتار نہیں کیا گیا، نیب نے اسلام آباد پولیس کو وارنٹ گرفتاری بھیجاتھا۔ جس پر چیف جسٹس بولے کہ آئی جی صاحب سب کچھ قانون کے مطابق ہونا چاہئیے، اگر کچھ خلاف قانون ہوا تو سب کے خلاف کارروائی کروں گا۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ رینجرز وزارت دفاع کے انڈر ہے، میں تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہوں، میرے سامنے وکلا زخمی حالت میں ہیں، مجھے انہیں سننے دیں۔ بعد ازاں عدات نے سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کرتے ہوئے ڈی جی نیب اور پراسیکیورٹر جنرل نیب کو آدھے گھنٹے میں طلب کر لیا۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کا نوٹس لیا تھا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو 15 منٹ میں عدالت طلب کیا۔جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ تحمل کا مظاہرہ کر رہا ، وزیر اعظم اور وزراء کیخلاف کارروائی کرنا پڑی تو کرونگا۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دو مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت آ رہے تھے، عمران خان ابھی کمرہ عدالت تک نہیں پہنچے تھے کہ رینجرز اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا، سابق وزیراعظم کو نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کیا جا رہا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے، نیب حکام کے پاس عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔