پنجاب میں دفعہ 144 نافذ ، رینجرز طلب کرلی گئی
06:57 PM, 9 May, 2023
لاہور: ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں موبائل فون سروس بھی بند کرنے کے لیے مراسلہ لکھ دیا گیا، محکمہ داخلہ نےصوبہ بھر رینجرز طلب کرلی، متعلقہ حکام کو مراسلہ بھی لکھ دیا ۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کی زیر صدارت صوبائی انٹیلیجنس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ، صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلے کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن کچھ دیر بعد جاری کرے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل رینجرز اہلکاروں نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دو مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت آ رہے تھے، عمران خان ابھی کمرہ عدالت تک نہیں پہنچے تھے کہ رینجرز اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا، سابق وزیراعظم کو نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کیا جا رہا ہے۔