پنجاب میں اسموگ کے ڈیرے،معمولات زندگی متاثر،گلےاورسانس کے مریضوں میں دوگنااضافہ

10:26 AM, 9 Nov, 2024

ویب ڈیسک: پنجاب میں اسموگ کے ڈیرے برقرار ہیں، فضائی آلودگی سے پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔

ایئر کوالٹی انڈیکس میں پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر ہے جبکہ پنجاب اور کے پی کے کئی شہروں میں بھی دھند اور سموگ نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔

ملتان آلودہ ترین شہر

پنجاب کی فضا مضر صحت قرار دے دی گئی ہے جبکہ ملتان پاکستان کا آلودہ ترین شہر بن گیا، اولیا کے شہر میں اے کیو آئی 1260 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گرین لاک ڈاؤن کے باوجود لاہور کا آلودہ ترین شہروں میں دوسرا نمبر ہے، لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح760 تک پہنچ گئی ہے۔

آج لاہور کا درجہ حرارت کم سے کم 19 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد، ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

فیصل آباد اور گردونواح بھی اسموگ برقرار ہے اسموگ کی وجہ سے حد نگاہ میں صفر ہےجبکہ ائیر کوالٹی انڈکس بھی 356 کی  خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

فیصل آباد میں احکامات کی خلاف ورزی

فیصل آباد میں شدید اسموگ کے باعث اسکول، پارکس، میوزم بند کرنے کے احکامات ہیں,ٹریفک پولیس نے پرائیویٹ اسکول کے بچوں کو گھوڑ سواری سکھانے کے لئے بلا لیا.ٹریفک وارڈنز نے گھوڑ سواری اسکول میں بچوں کے ساتھ پروگرام منعقد کیا.

بچوں کو گھوڑوں پر بیٹھا کر گراؤنڈ کے چکر بھی لگوائے گئے,حکومت نے ماسک لازمی قرار دیا ہے، نہ بچوں نے ماسک لگائے نہ ٹریفک وارڈنز نے.حکومتی احکامات کو حکومتی محکمے ہی ہوا میں اڑا رہے ہیں.

بیماریوں میں اضافہ

دوسری جانب لاہور میں سموگ کی شدت برقرار ہونے سے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں۔

شہر کے صرف گلاب دیوی ہسپتال میں ناک، کان، گلے، آنکھ اور سینے کے مریضوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے۔

ایم ایس گلاب دیوی ہسپتال ڈاکٹر حامد حسن کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں سموگ سے 14 ہزار مریض ہسپتال آئے تھے تاہم رواں سال یہ تعداد 30 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کا کہنا ہے کہ سموگ کے دوران بہت احتیاط کی ضرورت ہے، لاپرواہی مت کریں اور ماسک ضرور پہننا چاہیے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک شہر کی فضا صاف نہیں ہوتی مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کا خدشہ ہے۔ 

 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں،سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان اور دیگر علاقوں میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

اسموگ کے باعث پاکستان ہاکی ٹیم کا کیمپ بھی روک دیا گیا

پبلک نیوز کے رپورٹرشکیل خٹک کے مطابق لاہور سمیت   پنجاب میں سموگ کی بدترین صورتحال ہے، اسموگ کی وجہ سے پاکستان ہاکی ٹیم کا کیمپ بھی روک دیا گیاہے،چائنہ ہاکی لیگ کے لئے  قومی ہاکی ٹیم کا کیمپ   نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری تھا۔

پی ایچ ایف کے مطابق حکومت کی ہدایت کی روشنی میں کیمپ روکا گیا ہے،جیسے ہی گورنمنٹ کی جانب سے ہدایات آئیں گی کیمپ دوبارہ شروع کردیا جائے گا،تمام آفیشلز و کھلاڑیوں کو حفاظتی تدابیر کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

چائنہ ہاکی لیگ چین کے شہر ہنگزاؤ میں 11 سے21 نومبر تک  کھیلی جائے گی۔

اسموگ کےباعث 6 پروازیں منسوخ،متعددتاخیر کاشکار 

اسموگ اور انتظامی مسائل کے باعث 6 پروازیں منسوخ اور 29 آمد و روانگی میں تاخیر شکار ہو گئیں۔

فلائٹ آپریشن کے مطابق لاہور سے ریاض کی پی آئی اے کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اسموگ سے ملتان اور فیصل آباد کا فلائٹ اپریشن آج بھی متاثر ہے، 4 پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے۔موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث 8 پروازیں منسوخ ہوئیں، اسموگ کی وجہ سے فیصل آباد سے دبئی کی پرواز 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔اس کے علاوہ کراچی سے دبئی کی پرواز پی کے 213 ڈھائی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی ہے۔

مزیدخبریں