عمران خان کی فائنل کال اور رہائی؟ علی امین گنڈا پور نے عوام سے حلف لے لیا

06:46 PM, 9 Nov, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زیراہتمام صوابی میں جلسہ عام اختتام پذیر ہوگیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، علی امین گنڈاپور نے جلسے میں اعلان کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اسی مہینے فائنل کال دیں گے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پورا نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ عمران خان اسی مہینے فائنل کال دیں گے، کارکنان اس کے لیے تیاری شروع کردیں، اب ہم اپنے قائد کو رہا کروائے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

  عمران خان کا پیغام دے رہاہوں کہ نومبرکے مہینے میں خان کال دینے والے ہیں وہ کال یہ ہوگی کہ اس بارہم جب گھروں سے نکلیں گے تو اپنے گھروالوں کو بتاکے نکلیں گے کہ اگرہماری میت نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا‘

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ میں ہمیشہ اپنے کارکنوں کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ آپ عمران خان اور حقیقی آزادی کی طاقت ہیں، پاکستان کو آزاد کرانے کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہاکہ آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی، اب ہمیں عمران خان کی سربراہی میں حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے، آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ عمران خان کے دیے گئے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے حکومت کو للکارتے ہوئے کہاکہ آپ کی جانب سے ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اس کا ہم حساب لیں گے،اب قوم کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ وہ عزتیں نیلام کروائے یا حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ کارکنان آج سے فائنل معرکے کی تیاری شروع کردیں، جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیت ایک سفید چادر سر پر لینی ہے۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کارکنوں سے ہاتھ اٹھا کر حلف لیا کہ وہ عمران خان کے ہر حکم پر عمل کریں گے اور ان کو رہا کروانے تک واپس نہیں جائیں گے۔

مزیدخبریں