شایان علی،ملیکہ بخاری سمیت 23 افراد کو پاکستان آتے ہی گرفتار کرنے کا حکم

09:16 PM, 9 Nov, 2024

ویب ڈیسک:سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ پر لندن میں حملہ کرنے والے 23 پاکستانیوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔

نواز شریف کی لندن رہائش گاہ کے باہر احتجاج کے لیے شہرت پانے والے شایان علی اور بہن کے کینسر کے علاج کیلئے اجازت لیکر بیرون ملک جانے والی پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری کے نام بھی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل کر لیے گئے ہیں۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق ان تمام پاکستانیوں کی حوالگی کے لیے برطانوی حکومت کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے،ان افراد میں سے کوئی بھی فرد پاکستان کی سرزمین پر آنے کی صورت میں پاکستان میں درج مقدمے میں گرفتار کر لیا جائے گا۔

اِس لسٹ میں شایان علی اور ملیکہ بخاری کے علاوہ سعدیہ فہیم، فہیم گلزار، ماہین فیصل، سدرہ طارق ،حبہ عبدالمجید،وقاص چوہان ،محسن حیدر ضمیر اکرم ، سردار تیمور،محمد پرویز علی اور رخسانہ کوثر، شیخ محمد جمیل ،مہران حبیب ذہیر احمد ،رحمان انور، محمد صادق خان  اور دیگر کے نام شامل ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق 23 افراد کے علاوہ  153 مزید افراد کے نام بھی پی سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں ، 23 افراد کے پاسپورٹ معطل بھی کر دئے گئے ہیں، پاکستان لائے جانے کی صورت میں ان افراد کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ لندن میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی مظاہرین کی بدتمیزی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

شایان علی سمیت پی ٹی آئی کے دیگر حامیوں نے بھی مِڈل ٹیمپل کے باہر بھرپور احتجاج کیا اور قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف خوب نعرےبازی کی۔

مزیدخبریں