شہباز، حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع

06:55 AM, 9 Oct, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(پبلک نیوز) بینکنگ کورٹ لاہور نے شہباز شریف حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 30 اکتوبر تک توسیع کردی.

دورانِ سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔ شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ میں بات کرنا چاہتا ہوں، یہ وہی پلندہ ہے جس پر لندن سے فیصلہ آیا ہے، ایف آئی اے کے افسر تمام باتیں میڈیا کو بتا دیتے ہیں۔ بینکنگ کورٹ کے جج نے ایف آئی اے کے وکیل کو ہدایت کی کہ تفتیش پر پیش رفت سے آگاہ کریں۔

ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کو سوالنامہ بھجوایا گیا تھا، کل انہوں نے جواب جمع کرایا ہے، شہباز شریف کے جوابات دیکھ کر تفتیش میں پیش رفت ہو گی۔عدالت نے آج ایف آئی اے سے تفتیش کی رپورٹ بھی طلب کر رکھی تھی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنماء عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے11ماہ قبل شہبازشریف پر کیس بنایا، حکمران قوم کا پیسہ اور عدالتوں کا وقت ضائع کررہے ہیں، ایف آئی اے نے کسی بھی حکومتی عہدیدار کےخلاف اتنا لمبا کیس نہیں چلایا، برطانیہ کی عدالت نے صادق اور امین قرار دیا،یہ شہزاداکبر کے کہنے پر حقائق مسخ کرکےخبر دیتے ہیں، ایف آئی اے11ماہ بعد بھی منی لانڈرنگ سے متعلق شواہد نہیں دے سکی۔

مزیدخبریں