نئی دہلی (ویب ڈیسک)قرضوں میں ڈوبی بھارت کی قومی ایئرلائن ' ایئر انڈیا' کو ٹاٹا گروپ کی ذیلی کمپنی ٹاٹا سنز نے 18 ہزار کروڑ بھارتی روپے (2.4 بلین ڈالرز) میں خرید لیا۔
حکومتی ذرائع سے سامنے آنی والی خبروں کے مطابق ایئر انڈیا کی نجکاری کا فیصلہ طویل عرصے تک ہونے والے نقصان کے بعد کیا گیا ۔ حکومت کے مطابق 2009 کے بعد سے ایک کھرب کا نقصان ہو چکا ے۔ یاد رہے کہ اس ایئرلائن کی بنیاد 1932 میں رکھی گئی تھی جس کی پہلی پرواز ٹاٹا کے چیئرمین جے آر ڈی ٹاٹا نے خود چلائی تھی۔ اس کی پہلی پرواز کراچی اور بمبئی کے درمیان تھی۔
ٹاٹا کے سرپرست چیئرمین ایمریٹس رتن ٹاٹا نے اس معاہدے کے بعد اپنے ٹوئٹ میں کہا خوش آمدید! ایئر انڈیا۔ انہوں نے اپنے ٹؤئٹ میں یہ تسلیم کیا کہ کمپنی کی دوبارہ تعمیر کے لیے کافی کوشش کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ یکے بعد دیگرے ہندوستانی حکومتوں نے کمپنی کی نجکاری کرنے کی کوشش کی لیکن اس کے قرضے اور نئی دہلی کی جانب سے حصص کو برقرار رکھنے پر اصرار خریداروں کو روکتا رہا۔ آخر کار پچھلے سال وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے اس اہم ریاستی اثاثے کو بیچنے کی دوبارہ کوشش کی۔
خیال رہے کہ 31 اگست 2021 تک ایئر انڈیا کا مجموعی قرضہ 61 ہزار 562 کروڑ بھارتی روپے تھا جس میں سے 15 ہزار 300 کروڑ بھارتی روپے کو ٹاٹا سنز نے ٹیک اوور کرلیا۔ 46 ہزار 262 کروڑ بھارتی روپے اب ایئر انڈیا ایسیسٹس ہولڈنگ لمیٹڈ (اے آئی اے ایچ ایل) کو منتقل ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ ٹاٹا گروپ بھارت کی سب سے بڑی اور پرانی کمپنیوں میں سے ایک ہے، اور اس کے 100 ممالک میں 800،000 سے زیادہ ملازمین ہیں۔ اس کی ذیلی کمپنیوں میں 29 ادارے شامل ہیں جن میں سافٹ وئیرgiant ٹی سی ایس، جیگوار لینڈ روور پیرنٹ ٹاٹا موٹرز ، ٹاٹا اسٹیل اور دیگر شامل ہیں. جن کے سرمایہ کی مشترکہ مارکیٹ 250 بلین ڈالرز سے زیادہ ہے۔