پی ٹی آئی کی 9خواتین ورکرزکی ضمانت منظور

12:01 PM, 9 Oct, 2024

ویب ڈیسک: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی ورکرز کے خلاف احتجاج توڑ پھوڑ کے حوالے سے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے  میں گرفتارخواتین ورکرز کی ضمانت منظورکرلی۔

تفصیلات کے مطابق  پی ٹی آئی ورکرز کے خلاف احتجاج توڑ پھوڑ کے حوالے سے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کی درخواست ضمانتوں پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذولقرنین نے کی۔پی ٹی آئی وکلاء بابر اعوان سردار مصروف آمنہ علی عدالت پیش ہوگئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کی 9 خواتین ورکرز کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد گرفتارخواتین کی ضمانت بعد ازگرفتاری منظورکرلی، ضمانت 30 30 ہزار مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ کوہسار میں احتجاج اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج ہے۔

جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان اور دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کی، شیخ رشید، شیریں مزاری، امجد نیازی اور عثمان ڈار عدالت میں پیش ہوئے جبکہ غیر حاضر 31 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

دوران سماعت جی ایچ کیو حملہ کیس کو پہلے ٹرائل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقدمے کے نامزد ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردی گئیں۔

اس کے علاوہ کنول شوزب اورصداقت عباسی سمیت دیگرملزمان میں نقول تقسیم کردی گئیں جبکہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو بذریعہ وکیل نقول تقسیم کی گئیں۔

9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی گئی۔

عدالت نے ملزمان کی حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی ، جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 19 اکتوبر جبکہ دیگر 13 مقدمات کی سماعت 4 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

دوسری جانب 28 ستمبراور 4 اکتوبر احتجاج کے کیسز میں نامزد پی ٹی آئی کارکن اور رہنما پیش نہ ہوئے، ان کی بیماری کے باعث غیر حاضری کی درخواستیں دائر کی گئیں۔

بعدازاں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس کی آئندہ سماعت 19 اکتوبر کو اڈیالہ جیل عدالت میں ہو گی اور جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

مزیدخبریں