ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ میں ملوث گروہ گرفتار

12:09 PM, 9 Oct, 2024

ویب ڈیسک: ایف ائی اے سائبر کرائم ونگ راولپنڈی نے ہنی ٹریپنگ اور بلیک میلنگ میں ملوث گروہ گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کارروائی میں منظم گروہ کے 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتار ملزمان میں سہیل احمد، محمد حفیظ اور محمد فیضان شامل ہیں۔ تاہم ابھی گروہ کے سرغنہ روپوش ہیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ملتان سے ہے۔ ملزمان ہنی ٹریپ کرکے متاثرین کی غیر اخلاقی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرتے تھے۔ ملزمان نازیبا تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے متاثرہ شہریوں کو بلیک میل کرتے تھے۔ جس کے بعد متاثرہ شہریوں سے بھاری رقوم وصول کی جاتی تھیں۔ 

ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتار گروہ 20 سے زائد ملزمان پر مشتمل ہے۔ گروہ میں خواتین بھی شامل ہیں جو سادہ لوح شہریوں کو ہنی ٹریپ میں پھنساتی تھیں۔ملزمان سے موبائل فونز٫ متعدد چیک بُکس اور اے ٹی ایم کارڈز اور تین گاڑیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ 

ملزمان نے متاثرین کو پھانسنے کے لیے متعدد جعلی فیس بک اکاؤنٹس بنائے ہوئے تھے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ ملزمان کے موبائل سے متاثرین کے حوالے سے بھی ریکارڈ حاص کیا جا رہا ہے۔گروہ کے سرغنہ اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں مرتب کر دی گئی ہیں.

مزیدخبریں