ترکش ایئر لائن کا پائلٹ دوران پرواز انتقال کرگیا، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ 

08:09 PM, 9 Oct, 2024

(ویب ڈیسک ) ترکش ائیرلائن کا پائلٹ دوران پرواز طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انتقال کرگیا جس کے بعد طیارے  کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  ترکش ائیر لائن کے ترجمان نے ایکس پر بیان میں کہا کہ  منگل کو امریکی شہر سیٹل سے استنبول جانے والی ترکش ائیرلائن کی پرواز TK204 کے پائلٹ دوران پرواز طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے اچانک گرگئے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ  59 سالہ پائلٹ کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے کو پائلٹ اور سیکنڈ پائلٹ نے طیارے کو کنٹرول کیا۔

ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ  کیپٹن کو دوران پرواز دی گئی ابتدائی طبی امداد میں ناکامی کے بعد عملے نے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا  تاہم لینڈنگ سے قبل ہی پائلٹ دم توڑ گئے۔

ترجمان نے کہا کہ   طیارے کی نیویارک میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی اور  پھر وہاں سے مسافروں کو استنبول لے جانے کا انتظام کیا گیا۔

ترکش ایئر لائن کی جانب سے پائلٹ کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  پائلٹس کو ہر 12 ماہ بعد طبی معائنہ کرانا پڑتا ہے جبکہ 40 سال سے زائد عمر والے پائلٹس کو ہر 6 ماہ بعد اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تجدید کرنی پڑتی ہے۔

مزیدخبریں