گیارہ ستمبر کی خفیہ دستاویزات افشا، سعودی عرب کاخیر مقدم
08:46 AM, 9 Sep, 2021
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امریکہ کی طرف سے گیارہ ستمبر سے متعلق خفیہ دستاویزات منظر عام پر لانے کا سعودی عرب کی طرف سے خیر مقدم، امید ہے اس طرح سے ہم پر بے بنیاد الزامات کی حقیقت سامنے آجائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے امریکہ کی طرف سے گیارہ ستمبر کی دستاویزات منظر عام پر لانے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے، واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم امریکہ کی طرف سے ان دستاویزات کو منظر عام پر لانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ اس طرح بہت سے شکوک و شبہات کا خاتمہ ہو گا۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم نے گیارہ ستمبر کے معاملے پر ہمیشہ شفافیت پر زور دیا ہے، خفیہ دستاویزات سامنے آنے سے ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب کیخلاف بے بنیاد الزامات کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا۔ مزید برآں سعودی وزیر خارجہ شہزاد فیصل نے ایک بیان میں کہا کہ ہم افغان عوام کی امداد کیلئے پرعزم ہیں ، بغیر بیرونی مداخلت کے افغان عوام جو راستہ بھی منتخب کریں گے سعودی عرب ان کی مدد کرے گا، ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہے اور اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون پر تیار ہیں۔