امریکیوں سمیت سینکڑوں غیر ملکیوں کو انخلا کی اجازت
11:01 AM, 9 Sep, 2021
کابل ( ویب ڈیسک ) طالبان نے غیر ملکی شہریوں کو انخلا کی اجازت دینے کے اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے 2 سو غیر ملکی جن میں امریکی شہری بھی شامل ہیں کو افغانستان سے نکلنے کی اجازت دے دی ہے، یہ تمام غیر ملکی شہری آج کسی بھی وقت افغانستان سے نکل جائیں گے۔ ایک امریکی عہدیدار نے برطانوی خبر رساں ادارے کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان حکام نے 200 امریکی اور دیگر ممالک کے شہریوں کو روانگی کی اجازت دی ہے، یہ تمام وہ لوگ ہیں جو امریکی انخلاء کے عمل کے اختتام کے بعد افغانستان میں پھنس گئے تھے۔ یہ طالبان نگران حکومت کے سربراہ ملا محمد حسن اخوند کے اس وعدہ کی تصدیق ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ افعانستان میں غیر ملکی شہریوں تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا کہ امریکی خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد نے طالبان پر دباؤ ڈالا کہ وہ ان لوگوں کو جانے دیں جبکہ لگ ایسا رہا ہے کہ طالبان اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے ان افراد کو نکلنے کی اجازت دے رہے ہیں، توقع ہے کہ یہ گروپ آج ( جمعرات) کو روانہ ہو جائے گا۔