’پہلے نوازشریف کو بھگتا،اب عمران خان کو بھگتنا پڑ رہا ہے‘
11:30 AM, 9 Sep, 2021
رحیم یار خان ( پبلک نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی دن بدن ترقی کر رہی ہے۔ پیپلزپارٹی مستقبل میں حکومت بنائے گی۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مرکز اور صوبائی حکومت بھی بنائے گی۔ عوام کے ساتھ مل کر عوامی حکومت لے کر آئیں گے۔ پاکستان نے نوازشریف کی حکومت کو بھگتا ہے۔ آج عمران خان کی حکومت کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے ایک کھلاڑی کومسلط کیا گیا۔ آج حکمران ایک فون کال کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید جو وعدے کرتے تھے وہ پورے ہوتے تھے۔ آج جو وعدے کیے جاتے ہیں ایک بھی پورا نہیں ہوتا۔ بھٹو شہید نے آئین دیا جو عوام کے تحفظ کا سرچشمہ ہے۔ قائدعوام نے کہا غریبوں کو طاقتور بناؤں گا اس نے وعدہ پوراکیا۔ عمران خان نے زرعی انقلاب لانے کا وعدہ کیا تھا۔ آج گندم کو درآمد کیا جارہا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے گندم کی برآمدات کوبڑھایا۔ پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی، بے روزگاری نہیں دیکھی گئی۔ پیپلزپارٹی کی کوشش ہوتی ہے غریب عوام کو ریلیف دیا جائے۔ عمران خان کے دور میں مہنگائی میں عوام کو تنہا چھوڑ دیا گیا۔ پی پی کے دور میں مہنگائی تھی تو ہم عوام کے پیچھے کھڑے تھے۔ ہم نے تنخواہوں میں120 فیصد اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے روزگارچھین لیا گیا۔ یہ ظالم اوردشمن حکومت ہے۔ پیپلزپارٹی واحد حکومت جو روزگار دیتی ہے۔ حکومت میں آئے بےروزگار وں کو روزگاردیں گے۔ عوام حکومت عوام کے مفادات کا سوچتی ہے۔ ہم نے نالائق، ناجائز حکومت کویہاں سے بھگانا ہے۔ اب یہاں دوغلی پالیسی نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرآپ ووٹ کی عزت کرتے ہوتو ووٹ کا استعمال تو کرو۔ آپ ہمت پکڑیں، عوام کا سوچیں۔ ہم نے مل کر پنجاب کو بچانا ہے۔