روپے کی بے قدری جاری، ڈالر بے قابو

08:07 AM, 9 Sep, 2022

احمد علی
انٹربینک مارکیٹ میں امریکی کرنسی ڈالر کی ویلیو میں ایک بار پھر ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صرف چند گھنٹے میں اس کی ویلیو میں چار روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔ اس وقت امریکی ڈالر 229 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ دوسری جانب کرنسی ڈیلروں کا کہنا ہے کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت فروخت 237 روپے پر جا چکی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستانی کرنسی روپے کی گراوٹ کا سلسلہ نہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پاکستانی معاشی صورتحال کے پیش نظر امریکی ڈالر مزید تگڑا ہو گیا ہے۔ گذشتہ چند روز سے ملک کی کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر سمیت دیگرغیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں روپیہ بے قدری کا شکار رہا۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ ڈالر کی طلب میں مسلسل اضافہ اس کی قدر میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ گذشہ روز کاروباری دن کے آغاز میں انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک روپے آٹھ پیسے کا اضافہ ہوا۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر 224 روپے سے تجاوز کر گیا۔ گذشتہ روز بدھ کو کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر دو روپے مہنگا ہو کر223 روپے 42 پر بند ہوا تھا۔ جمعرات کے روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 235 روپے پر جا پہنچی تھی۔ دن کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 234 روپے پر پہنچ گئی تھی۔ گذشتہ ہفتے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب سولہ کروڑ ڈالر قرض مل گیا، جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس سے روپیہ مضبوط ہوگا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
مزیدخبریں