آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے کتنی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا ؟
08:24 AM, 9 Sep, 2022
آنجہانی ملکہ برطانیہ نے اپنے ستر سالہ دورِ اقتدار میں دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا ہے، برطانوی شاہی خاندان کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ، آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا، پہلا دورہ 1961ء میں جبکہ دوسرا دورہ 1997ء میں کیا تھا۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے پہلی بار اپنے خاوند شہزادہ فلپ کے ساتھ یکم سے 16 فروری 1961 کو لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، اور شمالی علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ شہر قائد پہنچنے پر آنجہانی ملکہ برطانیہ کا استقبال اس وقت کے صدر ایوب خان نے گرم جوشی کے ساتھ کیا۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا دوسرا اور آخری دورہ پاکستان کی آزادی کے پچاس سال مکمل ہونے پر اکتوبر 1997 میں کیا گیا تھا، دورے میں ملکہ الزبتھ کیلئے شاہی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ آنجہانی ملکہ برطانیہ کو دی جانے والی دعوت میں صدر فاروق احمد خان لغاری، وزیراعظم نواز شریف، اپوزیشن لیڈر بےنظیر بھٹو ، چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد، اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو اور دیگر سیاسی رہنما شریک تھے۔