ڈالر کے مقابلے روپے کی بے قدری آج بھی جاری رہی
02:26 PM, 9 Sep, 2022
امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی بے قدری آج بھی جاری رہی۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر 2 روپے 76 پیسے اضافے کے بعد 228 روپے 18 پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں 234 روپے میں فروخت ہوا، اسٹاک مارکیٹ میں اتارچڑھاو جاری رہا. کاروبار کے آغاز کے چند گھنٹوں میں ڈالر کی قدر میں 4 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، امریکی ڈالر 229 روپے سے تجاوز کر گیا، تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 76 پیسے اضافے کے بعد 228 روپے 18 پیسے پر بند ہوا۔ 16 اگست سے اب تک ڈالر کی قدر 14 روپے 28 پیسے بڑھ چکی ہے اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 234 روپے میں فروخت ہوا۔ امپورٹرز کے مطابق 4 دن سے بینکوں سے ڈالر کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے، بینکوں میں ڈالر دستیاب نہیں اور بلیک مارکیٹ کا حجم بڑھ رہا ہے۔ دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاو جاری رہا، کاروبار کا اختتام تیزی پر ہوا، 100 انڈیکس 123 اعشاریہ تین سات پوائنٹس اضافے کے بعد 41 ہزار 978 اعشاریہ ایک چھے پر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران 9 کروڑ 64 لاکھ 39 ہزار شیئرز کا لین دین ہوا، کاروبار میں صفر اعشاریہ دو نو فیصد اضافہ دیکھا گیا۔