عالمی برادری پاکستان کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کیلئے کوششوں میں تیزی لائے، انتونیو
05:33 PM, 9 Sep, 2022
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے لوگوں کی ہرممکن مدد کیلئے کوششوں میں تیزی لائے کیونکہ حالیہ سیلابوں نے ان کے گھر، روزگار اور فصلوں کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے آج(جمعہ) اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو بچائو اور امدادی کوششوں میں تیزی لانے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بڑے پیمانے پر مالی مدد درکار ہے۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہاکہ پاکستان کا عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں معمولی حصہ ہے لیکن اس کا شمار موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر زہریلی گیسز کا اخراج کرنے والے ممالک کو چاہیے کہ وہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے لوگوں کی فراخدلی سے مدد کریں۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے سیلاب زدگان سے ملاقات پرسیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا جنھیں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی وجہ سے تباہ کن صورتحال کا سامنا ہے۔