نیتن یاہوکا جنگ بندی سے انکار، شام میں بلاجواز بمباری، کم از کم 7 افراد ہلاک

12:36 PM, 9 Sep, 2024

ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ہٹ دھرمی جاری رکھتے ہوئے جنگ بندی سے ایک مرتبہ پھر انکار کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی غزہ کے بعد شام میں بمباری سے باپ بیٹے سمیت 7 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے حماس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا ایک بار پھر عہد کیا ہے۔

بن یامین نیتن یاہو نے غزہ میں جاری کارروائی جاری رکھنے کا عزم ایسے موقع پر ظاہر کیا ہے جب اس جنگ کو اب 12 ماہ ہونے والے ہیں۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ہلاکت خیز نظریہ رکھنے والوں سے گِھرا ہوا ہے۔ ان کے بقول ان سب برائیوں کی پشت پناہی ایران کر رہا ہے۔

بن یامین نتین یاہو نے اتوار کو اعلیٰ سرکاری حکام کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت میں خیالات کا اظہار کیا۔ اس اجلاس میں اردن اور مغربی کنارے کے درمیان واقع پل 'الینبی برج' پر مسلح شخص کے حملے میں تین اسرائیلیوں کی ہلاکت کی بھی مذمت کی گئی۔

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ میں بارہویں ماہ کے دوران جاری اپنی جنگ کے دوران ہمسایہ مسلم ممالک کے خلاف اپنی جنگی جارحیت کے تحت بمباری جاری رکھتے ہوئے شام کو نشانہ بنایا ہے۔ اتوار کی رات دیر گئے کی اسرائیلی بمباری سے شام کے کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسرائیل کی روایت بن گئی ہے کہ وہ اپنے آس پاس کے ملکوں کی زمین پر قبضے کی کوشش کے ساتھ ساتھ انہیں زیر دباؤ رکھنے کے لیے امریکا و یورپی ملکوں سے ملنے والے گولہ و بارود کی مدد سے بمباری کرتا رہتا ہے۔ وہ ان بمباریوں کو سرحدی جھڑپوں کے انداز میں دیکھتا ہے لیکن شام لبنان وغیرہ اندر دور تک بمباری کرتا ہے۔ جیسا کہ اتوار کو رات کے وقت وسطی شام میں اسرائیلی فوج نے بمباری کی ہے۔

اسرائیل نے تازہ بمباری کے واقعے میں مسیاف ریجن کو نشانہ بنایا ہے اور متعدد شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک باپ بیٹے سمیت تین شہری شامل ہیں۔ یہ باپ بیٹا گاڑی پر سوار تھے۔علاوہ ازیں چار نامعلوم سپاہیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

شامی معاملات کو برطانیہ میں برطانوی مدد سے کام کرنے والی شامی آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے پندرہ افراد زخمی کر دیے گئے ہیں۔ جبکہ کئی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ثنا کے مطابق اتوار کی رات گیارہ بجکر بیس منٹ پر اسرائیل نے مسیاف ریجن میں بمباری کی ہے۔ اسرائیل کا دعوی ہے کہ اس نے علاقے میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ثنا نیوز ایجنسی کے مطابق مسیاف میں اسرائیلی بمباری سے 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں