نئےوزیراعظم کی دوڑ ؛ شہباز شریف اور شاہ محمود آمنے سامنے

09:50 AM, 10 Apr, 2022

احمد علی

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد نئے قائد ایوان یعنی وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کی کارروائی شروع ہوچکی ہے۔ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے شہباز شریف جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب پیر کو ہوگا۔

نئے قائد ایوان کے انتخاب کے سلسلے میں متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے امیدوار شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں۔

شہباز شریف کے تائید کنندہ خواجہ آصف جبکہ تصدیق کنندہ رانا تنویر بنے۔ ادھر شاہ محمود قریشی کے تائید کنندہ عامر ڈوگر اور تصدیق کنندہ علی محمد خان ہیں۔

یاد رہے کہ شہباز شریف پہلی بار اور شاہ محمود قریشی دوسری بار وزارت اعظمی کے امیدوار بنے ہیں۔ 2002 میں شاہ محمود کے مقابلے میں ظفر اللہ جمالی تھے۔ پیپلز پارٹی کے شاہ محمود صرف ایک ووٹ سے ہارے تھے اور وہ ایک ووٹ عمران خان کا تھا جو انہوں نے شاہ محمود کی بجائے ق لیگ کے جمالی صاحب کو دیا. واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے منظور کر لی تھی جس کے بعد عمران خان وزیراعظم کے عہدے پر فائز نہیں رہے۔نتیجے کا اعلان پریذائیڈنگ افسر سردار ایاز صادق نے کیا جنہوں نے اسد قیصر کی طرف سے سپیکر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد اجلاس کی صدارت کی۔قومی اسمبلی اب نئے قائد ایوان کا انتخاب کرے گی۔

ادھر پریذائیڈنگ افسر نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کے عہدے کے لئے آج دوپہر دو بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیں جس کے بعد آج ہی سہ پہر تین بجے تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے عہدے کے لئے انتخاب کل کیا جائے گا۔ایوان کا اجلاس کل دوپہر دوبجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

مزیدخبریں