عمران خان کو وفاقی پولیس نے 9 مختلف مقدمات میں تفتیش کیلئے طلب کرلیا

12:27 PM, 10 Apr, 2023

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کو وفاقی پولیس نے 9 مختلف مقدمات میں تفتیش کیلئے 11 اور 12 اپریل کو طلب کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سی ٹی ڈی سمیت 9 تھانوں میں مقدمات درج ہیں ، ان مقدمات میں تفتیش کیلئے وفاقی پولیس نے سابق وزیر اعظم کو بلایا ہے ۔ عمران خان کو اسلام آباد پولیس نے 2 مقدمات میں 11 اپریل اور 7 کیسز میں 12 اپریل کو طلب کر لیا ہے ، وفاقی پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کیلئے نوٹسز بھجوا دیے ہیں ، عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں تمام نوٹسز بھجوائے گئے ہیں۔ تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 2 مقدمات میں 11 اپریل کو بلایا گیا ہے جبکہ پولیس لائنز میں بھی 11 اپریل کو 12 بجے طلب کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ عمران خان کو سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں بھی طلب کیا گیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کو 12 اپریل کو تھانہ کھنہ میں درج مقدمے میں طلب کیا گیا ہے اور انہیں اپنے ہمراہ تمام دستاویزات لانے کی بھی ہدایات کی گئی ہے ، نوٹسز میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان پیش ہو کر اپنا مؤقف دیں اور پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
مزیدخبریں