پنجاب الیکشن : الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کا بل قومی اسمبلی میں پیش

01:51 PM, 10 Apr, 2023

احمد علی
پنجاب میں انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کا بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پنجاب میں انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کا بل پیش کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچالیا ہے ، اب اگلا مرحلہ ترقی کا ہے ، پاکستان تحریک انصاف چاہتی ہے آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہو ، یہ ناکامی کے بعد ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں ۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گذشتہ سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا ہے ، ایک سال پہلے سلیکٹڈ حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے نکالا، 2013ء سے 2018ء تک معیشت پاؤں پر کھڑی تھی، گذشتہ 3 سال میں ملک کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ میرے امریکا کے دورے کے حوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا تھا ، ہماری حکومت نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ہے ، ہم مشکل حالات سے نکل چکے ہیں ، آئی ایم ایف سے جلد اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا، آج کی خراب معاشی صورتحال کی ذمہ دار تحریک انصاف کی حکومت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک بڑی سازش کے ذریعے آئینی بحران پیدا کیا جاچکا ہے ، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ہر وقت ملک میں منفی خبریں پھیلیں ، ہم معاشی استحکام سے ترقی کی طرف چل پڑے ہیں ، آئی ایم ایف کا پروگرام موجودہ حکومت مکمل کرے گی ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ مخلوط حکومت آئی تو معاشی مسائل کے ساتھ سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے، سیلاب کے باعث ملکی معیشت کو 16 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا ، ملک میں مہنگائی اور دیگر عوامل میں عالمی سطح پر مہنگائی بھی وجہ ہے، حکومت غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، حکومت نے بی آئی ایس پی پروگرام کے پیسوں میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے ، بی آئی ایس پی مفت آٹا اور یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی بھی دے رہی ہے ، اس سال عوام کو 23 ارب کی سبسڈی دی جا رہی ہے ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17 ارب ڈالر سے کم کرکے 3 ارب ڈالر پر لے آئے ہیں ، اتحادی حکومت نے زرمبادلہ کے ذحائر کی گراوٹ کو روکا ہے ، گذشتہ سال غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 ارب ڈالر سے زائد گراوٹ آئی تھی ، حکومت 12 کھرب روپے کے غیر ملکی قرض ادا کر چکی ہے ، بدترین تنزلی کے باوجود غیر ملکی ادائیگیاں بروقت کیں ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں آئینی بحران پیدا کرنے کے لئے خیبرپختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں توڑیں، سابق وزیر اعظم عمران خان کا مقصد انارکی اور لاقانونیت تھا، سپریم کورٹ کا فیصلہ اقلیتی فیصلہ ہے، ازخود نوٹس 3 چار سے مسترد ہوچکا ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ایوان کو بتایا کہ ایوان میں کنونشن اور 4 بجے جوائنٹ سیشن ہے ، قومی اسمبلی اجلاس 13 اپریل 2 بجے تک ملتوی کیا جاتا ہے ۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا ہے جس میں انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ قومی اسمبلی میں لے جانے کی منظوری دی گئی ہے ۔
مزیدخبریں