ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں شہدائے جمہوریت کے مزارات پر نماز عید ادا کی، نماز عید کی ادائیگی کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے شہریوں سے مصافحہ کیا اور انہیں عید کی مبارک باد دی۔
تفصیلا ت کے مطابق اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، خورشید جونیجو،جمیل احمد سومرو، سہیل انور سیال ودیگر نے نماز عید ادا کی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ آغا سراج درانی، غلام مصطفی لغاری، خیر محمد شیخ، اعجاز لغاری،اعجاز شیخ، گھنور اسران و دیگر نے نماز عید ادا کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نماز عید کے بعد شہدائے جمہوریت کے مزارات پر حاضری دی۔انہوں نے سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزارات پر فاتحہ خوانی کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیگم نصرت بھٹو، شہید میر مرتضی بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزارات پر بھی فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انہوں نے ملک میں معاشی استحکام اور عوام کی خوش حالی کے لئے دعا کی۔