وزیر اعظم عمران خان نے قوموں کی ترقی کا گر بتا دیا
09:39 AM, 10 Aug, 2021
کراچی ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم غلط راستے پر چلے گئے، درآمد کرنے والا ملک بن گئے، بیرونی امداد پر انحصار ہو گیا، ہم نے اپنی قوت نہیں پہچانی کیوں کہ جب بھی کوئی بیساکھیوں پر چلتا ہے تو اس کی انسانی قوت کمزور ہو جاتی ہے، اللہ نے انسان کو ایسا بنایا ہے کہ جتنا وہ مزاحمت کرتا ہے اتنی اس میں طاقت آتی ہے، اللہ تعالیٰ نے انسان میں یہ صلاحیت دی ہے کہ میں بازو سے بڑا بوجھ اٹھانا رہوں تو وہ طاقتور ہو جائے گا، اگر میں اس کا استعمال نہیں کروں گا تو وہ سکڑ جائے گا۔ کراچی میں شپ یار ڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قومیں بھی اسی طرح بنتی ہیں، قومیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہو جاتی ہیں اور فیصلہ کرتی ہیں کہ وہ سب کچھ خود کریں تو اللہ قوم کو مضبوط کر دیتا ہے، میں اس لئے مدینہ کی ریاست کی قوم کو مثالیں دیتا ہوں کہ وہ دنیا کی تاریخ میں ایسا ماڈل تھا کہ عربوں کی کوئی حیثیت ہی نہیں تھی تو وہ کس معراج پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہمیں حکم دیتا ہے نبی اکرم ﷺ کی زندگی سے سیکھو، ان کی زندگی میں ایک تو ان کا کردار تھا، جو بھی ان کی سنت پر چلے گا وہ عظیم انسان بن جائے گا اور جو ریاست انہوں نے قائم کی مدینہ کی وہ بھی ان کی سنت کی ، جو بھی ریاست ان اصولوں پر چلے گی وہ ریاست ایک عظیم ریاست بن جائے گا۔