سابق ایمپائر روڈی کوئرٹزن کار حادثے میں ہلاک

04:00 AM, 10 Aug, 2022

احمد علی
جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے سابق بین الاقوامی کرکٹ ایمپائر روڈی کوئرٹزن ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ آنجہانی کی عمر 73 برس تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روڈی کوئرٹزن ایک گالف ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد کیپ ٹاؤن واپس آرہے تھے کہ اچانک سامنے آنے والی کار نے ان کی گاڑی کو زوردار ٹکر مار دی۔ اس افسوسناک حادثے میں روڈی کوئرٹزن اور ان کے ساتھ موجود دیگر 3 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ سابق جنوبی افریقی ایمپائر روڈی کرٹزن نے اپنے کیریئر میں 14 ٹی ٹوئنٹی میچز، 209 ون ڈیز اور 108 ٹیسٹ میچوں میں ایمپائرنگ کی۔ 73 سالہ کوئرٹزن آٹھ سال تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل رہے۔ انہوں نے 331 میچوں میں امپائرنگ کی۔ یہ ریکارڈ 2010ء میں ان کی ریٹائرمنٹ کے وقت تک برقرار رہا جسے بعد ازاں پاکستان کے ایمپائر علیم ڈار نے توڑا۔ علیم ڈار نے اپنے ساتھی ایمپائر کی کار حادثے میں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے، سب سے پہلے ان کے خاندان کے لئے اور پھر جنوبی افریقہ اور کرکٹ کے لئے۔" ان کا کہنا تھا کہ "میں اس کے ساتھ بہت سے کھیلوں میں کھڑا رہا۔ وہ ناصرف ایک ایمپائر کے طور پر بہت اچھے تھے بلکہ ایک بہترین ساتھی بھی تھے۔ انہوں نے ہمیشہ میدان میں بہت تعاون کیا جبکہ وہ میدان کے باہر بھی ہمیشہ مدد کرنے کو تیار رہتے تھے۔
مزیدخبریں