لاہور ہائیکورٹ،نجی میڈیکل کالجز میں دوران تعلیم فیس میں اضافہ غیرقانونی قرار

01:14 PM, 10 Aug, 2023

احمد علی
لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں دوران تعلیم فیس میں اضافہ کوغیرقانونی قراردیدیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافے کے متعلق بڑا فیصلہ جاری کردیا ہے۔ عدالت نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے سٹڈی پروگرام کے دوران فیس میں اضافہ کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے بنیادی حقوق کے فیصلوں کے اردو ترجمہ کے متعلق بھی حکم کو آرڈر کا حصہ بنایا ہے۔ جسٹس شاہد جمیل خان نے جوڈیشل ایکٹوزیم پینل کی درخواست پر 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ فیصلہ کے مطابق شہریوں کو معیاری تعلیم ،ادویات ،کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، پرائیوٹ میڈیکل کالجز نے سمسٹر کے دوران فیسوں میں اضافہ کردیا،پرائیوٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی فیسوں میں اضافے کا اقدام کالعدم قرار دیا جاتا ہے،پاکستان میڈیکل کونسل اس بات کو یقینی بنائے کہ میڈیکل کالجز اضافی اور غیر اعلانیہ فیسیں وصول نہ کرے ۔ فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی یقینی بنائے کہ کالجز صرف وہی فیسیں وصول کرے جو 2022 کے سیشن شروع ہوتے ہی مقرر کی گئی تھی۔ فیصلہ میں مزید کہا گیا کہ عدالتی مشاہدہ ہے کہ مفاد عامہ کے کیسز کا فیصلہ انگریزی میں ہونے کے باعث عام عوام کی بڑی تعداد سمجھنے سے محروم رہتی ہے ۔
مزیدخبریں