ارشدندیم کو بیٹاکیوں کہا؟ نیرج نےوالدہ کے بیان پر مؤقف دےدیا

01:09 PM, 10 Aug, 2024

ویب ڈیسک: پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو بیٹا کہنے پر بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا نے اپنی والدہ کے بیان کی وضاحت کردی ۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ   نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ  میری والدہ نے یہ بات دل سے کہی تھی کہ ارشد ندیم میرے بیٹے جیسا ہے، میری والدہ سوشل میڈیا سے متاثر نہیں ہیں اور وہ ہمیشہ اپنے دل کی بات کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میری ماں گاؤں میں رہتی ہیں اور وہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر آنے والی خبروں پردھیان نہیں دیتیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماں کا احساس رکھتی ہیں، سادگی سے بولتی ہیں اور اپنے دل کی بات کرتی ہیں، انہوں نے اپنے دل کی بات کی ہے، کچھ لوگوں کو یہ عجیب لگا ہوگا اور کچھ نے اس کو پسند کیا ہو گا۔

خیال رہے کہ ارشد ندیم کی کامیابی کے بعد نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نیرج چوپڑا کے سلور میڈل جیتنے پر بھی خوش ہیں، ہمارے لیے سلور بھی گولڈ جیسا ہی ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا وہ بھی میرا بیٹا ہے وہاں تک پہنچنے کے لیے سب محنت کرتے ہیں۔

واضح  رہے کہ پیرس اولمپکس میں  بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے   ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے ۔

مزیدخبریں