پاکستان بحریہ کے نئے جنگی بحری جہاز  پی این ایس حنین کا رومانیہ سے پاکستان کی جانب پہلے سفر کا آغاز

04:03 PM, 10 Aug, 2024

 ویب ڈیسک: آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان بحریہ کے نئے جنگی بحری جہاز  پی این ایس حنین کا رومانیہ سے پاکستان کی جانب پہلے سفر کا آغاز ہو گیا ہے۔  

پی این ایس حنین رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹنٹا (Constanta) سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گیا ہے ۔ رومانیہ بحریہ کے فلیٹ کمانڈر نے پی این ایس حنین کا دورہ کیا اور کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کی اور نیک تمناؤں کے ساتھ الوداع بھی کیا۔ 

پی این ایس حنین کا رومانیہ بحریہ کے جہاز لاسٹنل (Lastunul) کے ساتھ سمندر میں دوطرفہ مشق کا انعقاد ہوا، پی این ایس حنین دامن شپ یارڈ، رومانیہ میں بننے والے چار آف شور پٹرول ویسلز میں سے تیسرا جہاز ہے۔

پی این ایس حنین کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔ یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

پی این ایس حنین کی شمولیت سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سیکورٹی پٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی ہے۔

مزیدخبریں