ویب ڈیسک: چیف جسٹس آف بنگلہ دیش کے بعد مزید دو جج نے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا۔ بتایا گیا ہے کہ جسٹس محمد ابوظفر اور جسٹس کاشفہ حسین نے استعفی وزارت قانون کوبھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس اشفاق احمد کو قائم مقام چیف جسٹس تعینات کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل مظاہرین نے جسٹس اشفاق کی بطور قائم مقام چیف جسٹس تعیناتی مسترد کر دی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ طلبا مظاہرین نے حکومت کو مزید 3 مطالبات کے لیے بھی الٹی میٹم دے دیا۔ طلبا نے جسٹس رفعت احمد کو چیف جسٹس بنانے کا مطالبہ کردیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ جسٹس اشفاق احمد نے 15 سال تک حسینہ واجد کی خدمت کی۔ آج شام تک جسٹس رفعت احمد کو چیف جسٹس تعینات کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہیں۔
طلباء نے مطالبہ کیا کہ آئندہ 24 گھنٹے میں عدلیہ کو از سر نو ترتیب دیا جائے۔ شیخ حسینہ کی پولیس انتظامیہ نہیں چاہیے، پولیس کو غیر مسلح کر کے تنظیم نو کی جائے۔ اقلیتیوں کی ہر طرح کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کردیا گیا۔
یاد رہے کہ مظاہرین نے اپیلٹ ڈویژن کے تمام 7 ججوں کے استعفے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
طلباء نے اپنے مؤقف میں کہا کہ چیف جسٹس نے عدالتی بغاوت کے ذریعے عبوری حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ عدلیہ کو عدل پر قائم نہ کر سکے تو ہمارا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔