بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
07:45 AM, 10 Dec, 2021
لاہور: ( پبلک نیوز) بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔ یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرکے عوام پر روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کے ڈرن حملے مسلسل جاری ہیں، جس کے نتیجہ عوام فاقوں اور خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ انرجی کا بحران بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ ملک میں ڈالر، بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، مہنگائی اور بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی ہے اور نہ ہی کوئی مستقبل کی منصوبہ بندی۔ ہر روز بگڑتے حالات تقاضا کر رہے ہیں کہ آنکھیں کھول کر دیکھا جائے۔ وقت نے ثابت کیا کہ نواز شریف کے بجلی وگیس کے طویل المدتی معاہدے درست فیصلے تھے۔ حکومت صرف عوام کو لوٹ رہی ہے۔ یہ سلسلہ یوںہی جاری رہا تو تباہ حال معیشت میں قوم پیٹ پر پتھر باندھ کر روئے گی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ توانائی کی قیمت میں بتدریج اضافہ مہنگائی سے مرتی عوام پر ایک ناقابل برداشت بوجھ ثابت ہوگا۔ یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بجلی کی قیمتوں، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔